پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے اور ایران امریکا تنازع کے خاتمے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، ممکنہ جنگ بندی، اور سفارتی مذاکرات کے مختلف مسودوں پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کو خطے میں امن کی کوششوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں پائیدار امن قائم کرنے کے طریقہ کار اور سفارتی حل پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے کشیدگی میں کمی کے لیے سیاسی و سفارتی راستے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی آج بھی تہران میں قیام کریں گے اور ایران امریکا مذاکرات سے متعلق مزید اہم ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں مختلف علاقائی ممالک بھی متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ پر مرتب ہو سکتے ہیں، اسی لیے سفارتی رابطوں کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔
پاکستانی حکام کی جانب سے ابھی تک ملاقات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی حلقوں میں اس پیش رفت کو خطے میں امن کی کوششوں کے لیے مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔