اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ ترین سیاسی و سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور پائیدار سفارتی اقدامات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے لیے امن و استحکام کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مذاکرات اور سفارت کاری لازمی ہیں۔
ترجمان کے مطابق، اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری عالمی اور علاقائی کوششوں میں تعاون بڑھانے کا عہد بھی کیا۔
یہ رابطہ اس سے ایک روز قبل یورپی یونین کی نائب صدر کایا کالس کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سامنے آیا، جس میں بھی حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بات چیت ہوئی اور بدلتی ہوئی صورتِ حال پر باہمی مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب کو پاکستان کی طرف سے ثالثی اور سفارتی حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی تبادلۂ خیال اور اعلیٰ سطحی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی امن، تجارت اور اقتصادی تعاون کے امور میں مربوط حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔