مشرق وسطیٰ کی جنگ نے پاکستان کو عالمی تجارتی حب بنا دیا

کراچی: مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث پاکستان دنیا بھر کے لیے تجارتی حب کے طور پر ابھرا ہے، جہاں ملکی بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کاروباری جریدے کے مطابق گزشتہ 24 دنوں میں کراچی پورٹ پر ہونے والی ترسیل نے پورے سال کے برابر حجم عبور کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ پر 8,313 کنٹینرز کا مال پہنچا، جو 2025 کے دوران پورے سال میں آنے والے 8,300 کنٹینرز کے برابر ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق خلیجِ عرب میں شپنگ کے روٹس کی تبدیلی نے پاکستان کی بندرگاہوں کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔ جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل نے 5,286 جبکہ ہچیسن پورٹ نے 1,827 کنٹینرز کی ترسیل مکمل کی۔

کراچی گیٹ وے ٹرمینل نے بھی 1,200 کنٹینرز کی کارروائی مکمل کی، جس سے ملک کے لاجسٹک اور تجارتی انفرا اسٹرکچر کی مضبوطی واضح ہوئی۔ عالمی ماہرین کے مطابق جنگ کے دوران پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اور بندرگاہوں کی استعداد نے اسے عالمی سطح پر ٹرانس شپمنٹ کے لیے موزوں ترین مقام بنا دیا ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ سی پیک کے منصوبے اور جدید انفرا اسٹرکچر پاکستان کو خطے میں تجارتی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر مستحکم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع کو پاکستان کے لیے سنہری قرار دیا، کیونکہ عالمی کمپنیاں متبادل راستوں کی تلاش میں پاکستانی بندرگاہوں کا انتخاب کر رہی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ نے پاکستان کو نہ صرف تجارتی بلکہ عالمی نیٹ ورک میں بھی ایک مستحکم اور قابل اعتماد مقام فراہم کیا ہے، جس سے مستقبل میں ملک کی اقتصادی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔

1 comment on “مشرق وسطیٰ کی جنگ نے پاکستان کو عالمی تجارتی حب بنا دیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے