نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا اپ گریڈ شدہ ورژن متعارف کرا دیا ہے جس سے ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان ہو گیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے ورژن میں غیر ملکیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل انتہائی سادہ بنا دیا گیا ہے۔
اب دنیا کے 193 ممالک کے شہری تمام ویزا کیٹیگریز کے لیے اس ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جس سے روایتی پیچیدہ مراحل ختم ہو گئے ہیں۔
نئے فیچر کے تحت درخواست گزار کو اپنا نام، پاسپورٹ نمبر اور تاریخ تنسیخ دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ ایپ خودکار طریقے سے تصویر اسکین کر کے تمام معلومات بھر دے گی۔
ایپ کے ہوم پیج پر بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ایک علیحدہ سیکشن شامل کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس سہولت کے ذریعے صارفین خاندانی تصدیق، گاڑیوں کی منتقلی، وراثت، پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس اور پنشنرز کے لیے پروف آف لائف جیسی خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔
ترجمان نادرا نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو اپ ڈیٹ کریں۔