پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا

پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپنے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خاص طور پر ایران کے معاملے پر۔ یہ اعلان دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر حال میں اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ دونوں ملک خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین ایران کے حوالے سے تعاون کو مزید بڑھائیں گے، جس میں جاری بحران کے حل کے لیے مشترکہ سفارتی اور اسٹریٹجک اقدامات شامل ہیں۔

چین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تمام متعلقہ فریقین کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعمیری کردار پر زور دیا۔ اس میں ممکنہ تنازعات کو کم کرنا اور خطے میں استحکام کو برقرار رکھنا شامل ہے۔

ترجمان نے تصدیق کی کہ موجودہ کشیدگی کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے، اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔

چین نے جاری جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور خاص طور پر امریکا اور اسرائیل سے فوری فوجی کارروائیاں بند کرنے اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں، جہاں دونوں رہنما علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بات چیت کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے