امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایرانی حکام اور امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں متوقع ہیں۔ یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی بڑی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
ایرانی سپریم سیکیورٹی کونسل کے مطابق امریکا کو پاکستان کے ذریعے 10 نکاتی تجاویز بھیج دی گئی ہیں، جن میں حتمی جنگ بندی اور اقتصادی پابندیوں کے خاتمے جیسے اہم نکات شامل ہیں۔ ان مذاکرات میں پاکستان بھی ثالثی کردار ادا کرے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ ایرانی حکام سے بات چیت کی تیاری کر رہی ہے۔ ممکنہ امریکی وفد میں جے ڈی وینس، جیرڈ کشنراور اسٹیو وِٹکوف شامل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس اس وقت ہنگری میں موجود ہیں، تاہم اسلام آباد مذاکرات کے باعث ان کا دورہ مختصر کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی مذاکرات کار بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہوں گے۔
ادھر ایران نے موجودہ جنگ بندی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی نکات میں پابندیوں کا خاتمہ اور بیرون ملک منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی 10 نکاتی تجویز موصول ہو چکی ہے، اور دونوں ممالک طویل المدتی امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔