واشنگٹن: ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے امریکی تجاویز منظر عام پر آ گئیں، جن میں متعدد حساس نکات شامل ہیں۔ تجاویز کے مطابق ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام پر پابندی برقرار رکھی جائے، جبکہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ایران کی نگرانی کرے گی۔
اس کے علاوہ، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور مسلح گروپوں کو ایرانی حمایت ختم کرنے کی شقیں بھی شامل ہیں۔ امریکی تجویز میں ایران اور امریکا کے درمیان سویلین جوہری تعاون کی بھی بات کی گئی ہے۔ ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا ہے۔
چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثالثی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور خطے میں قیام امن کے لیے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
دوسری جانب مصر نے کہا کہ وہ پاکستان، ترکیے اور دیگر بین الاقوامی و علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کی جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تجاویز ابتدائی مرحلے کی ہیں اور اس پر عملدرآمد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید مذاکرات ضروری ہیں۔