امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایران سے متعلق جامع جنگ بندی مذاکرات کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور سابق مشیر جیرڈ کشنر بھی موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی وفد کی یہ آمد خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے، جہاں ایران اور دیگر فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

امریکی نائب صدر کا خصوصی طیارہ طویل اور غیر معمولی فضائی راستہ اختیار کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچا۔ طیارے نے میری لینڈ سے روانگی کے بعد پیرس میں مختصر قیام بھی کیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی طیارے نے مشرق وسطیٰ کی حساس فضائی حدود سے گریز کرتے ہوئے مختلف ممالک کے اوپر سے طویل راستہ اختیار کیا، جس میں جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان اور تاجکستان کی فضائی حدود شامل تھیں۔

اسلام آباد میں داخلے کے وقت امریکی وفد کے طیارے نے صبح 10 بجے چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخلہ لیا، جہاں فضائی حکام نے اسے خصوصی پروٹوکول کے تحت سہولت فراہم کی۔

بعد ازاں امریکی نائب صدر کا خصوصی طیارہ صبح 10:33 بجے نور خان ایئربیس پر لینڈ کر گیا، جہاں اعلیٰ سطح سیکیورٹی اور سفارتی انتظامات کیے گئے تھے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں ایران سے متعلق جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کو عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، اور اسلام آباد ان مذاکرات کا مرکزی مقام بنتا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے