عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاپ گلوکارہ دعا لیپا نے پرتگال میں ممنوعہ اور سنسر شدہ کتابوں پر مشتمل ایک منفرد مستقل لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اظہارِ رائے کی آزادی کو فروغ دینا اور ایسے مصنفین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جن کی تحریریں مختلف ادوار میں پابندیوں کا شکار رہیں۔
یہ نئی لائبریری منی فیسٹو لائبریری کے نام سے پرتگال کے تاریخی شہر پورٹو میں واقع معروف لیوراریا لیلو بک اسٹور میں قائم کی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ دعا لیپا کے ادبی پلیٹ فارم Service95 کے بک کلب کا مستقل حصہ ہوگا، جس کا آغاز انہوں نے 2021 میں کیا تھا۔
لائبریری کا افتتاح لیوراریا لیلو کی 120ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر کیا جا رہا ہے، تاہم تقریب کے بعد بھی یہ مجموعہ مستقل طور پر عوام کے لیے دستیاب رہے گا۔ اس منصوبے کا مقصد قارئین کو ایسی کتابوں تک رسائی دینا ہے جو مختلف ادوار میں سنسرشپ یا پابندیوں کا سامنا کرتی رہی ہیں۔
دعا لیپا کا کہنا ہے کہ کتابیں مختلف معاشروں اور خیالات کے درمیان رابطہ پیدا کرتی ہیں، لیکن دنیا کے کئی حصوں میں اب بھی ایسی تحریروں پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں جو طاقتور نظاموں پر سوال اٹھاتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ لائبریری آزادانہ مطالعے اور مکالمے کی اہمیت کو اجاگر کرے گی۔
اس منفرد مجموعے میں تقریباً 100 منتخب کتابیں شامل ہیں، جن میں مارگریٹ ایٹ وڈ کا مشہور ناول The Handmaid’s Tale، ریجینلڈ ڈوین بیٹس کی Felon اور نوبیل انعام یافتہ مصنفہ اولگا توکارچوک کی اہم تخلیقات بھی شامل ہیں۔ ان کتابوں کو اس لیے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے معاشرتی، سیاسی اور فکری موضوعات پر جرات مندانہ انداز میں اظہار کیا۔
دعا لیپا کے مطابق یہ منصوبہ ان تمام ادیبوں اور دانشوروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے سچ لکھنے کی قیمت ادا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قارئین کو خود فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے کہ وہ کون سی کتاب پڑھنا چاہتے ہیں، کیونکہ بعض اوقات ایک کتاب کا مطالعہ اور اس پر گفتگو ہی سب سے طاقتور سماجی عمل بن جاتا ہے۔