پاکستان کی مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ فاطمہ نسیم نے ہاتھوں میں انڈے پکڑ کر ایک منٹ میں 340 پنچز لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
اس سے قبل ایک منٹ میں سب سے زیادہ پنچز لگانے کا ریکارڈ بھارتی کھلاڑی دبیا جیوتی سرکار کے پاس تھا، جنہوں نے ایک منٹ میں 331 پنچز لگائے تھے۔ فاطمہ نسیم نے 340 پنچز لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے فاطمہ نسیم کی ایک اور غیر معمولی کارکردگی کو بھی عالمی ریکارڈ کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔ پاکستانی مارشل آرٹس کھلاڑی نے اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
فاطمہ نسیم نے دو کرسیوں کے درمیان اسٹریچنگ کرتے ہوئے ایک منٹ 45 سیکنڈ تک اپنا توازن برقرار رکھا۔ ان کی اس منفرد کارکردگی کو بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تسلیم کرلیا گیا ہے۔
فاطمہ نسیم کے لیے یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تسلیم کیا جانے والا یہ ان کا 10واں عالمی ریکارڈ ہے۔ مسلسل کامیابیوں کے ذریعے انہوں نے مارشل آرٹس میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر نمایاں کیا ہے۔
فاطمہ نسیم اب پاکستان کے لیے 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان کی حالیہ کامیابی نے نہ صرف کھیلوں کے حلقوں بلکہ پاکستانی عوام میں بھی خوشی اور فخر کا احساس پیدا کیا ہے۔