ہری پور کے علاقے سرائے صالح کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں چار نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوگئے۔ حادثہ تیز رفتار آئل ٹینکر اور دو کاروں کے درمیان پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں گاڑیوں میں سوار نوجوان آپس میں دوست تھے اور ایبٹ آباد سے کھانا کھانے کے بعد ہری پور واپس آرہے تھے۔ سرائے صالح کے قریب پیش آنے والے حادثے نے ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو شدید صدمے سے دوچار کردیا۔
ذرائع کے مطابق ایک کار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد دوسری کار بھی بے قابو ہوکر ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ تین گاڑیوں کے درمیان ہونے والے اس تصادم کے نتیجے میں چار نوجوان جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں نوجوانوں کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایک ہی محلے کے چار نوجوانوں کی اچانک موت نے علاقے کے مکینوں کو غمزدہ کردیا ہے۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے دکھ میں محلے دار بھی شریک ہیں، جبکہ علاقے میں ہر طرف سوگ کی کیفیت پائی جاتی ہے۔