کوسوو کی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہوگیا جب اپوزیشن کی رکن اسمبلی ٹائم کادریجاج نے قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی کی جانب انڈے پھینک دیے۔ کوسوو پارلیمنٹ میں البین کُرتی پر انڈے پھینکے جانے کا واقعہ سیاسی کشیدگی کے دوران پیش آیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الائنس پارٹی سے تعلق رکھنے والی ٹائم کادریجاج نے کُرتی کی جانب چار انڈے پھینکے اور احتجاجاً نعرے بھی لگائے۔ واقعے کے باعث پارلیمانی اجلاس کی فضا مزید کشیدہ ہوگئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کے انتخاب سے متعلق اہم معاملات پر بحث جاری تھی۔ رپورٹس کے مطابق البین کُرتی نے اسپیکر کے انتخاب کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے مزید وقت مانگا، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید اعتراض کیا۔
کوسوو میں جون میں ہونے والے انتخابات کے بعد سے پارلیمنٹ تاحال نیا اسپیکر منتخب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ اسپیکر کے انتخاب میں تاخیر نے ملک میں جاری سیاسی تعطل اور غیر یقینی صورتحال کو مزید نمایاں کردیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ہے کہ آئینی عدالت کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔ اپوزیشن کے مطابق اس کے بعد پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا آئینی طور پر قابلِ اعتراض ہے۔
پارلیمانی اسپیکر کے انتخاب کا معاملہ کوسوو کی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کی ایک بڑی وجہ بن چکا ہے۔ تازہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی تناؤ کس حد تک بڑھ چکا ہے۔