مدارس رجسٹریشن پنجاب

پنجاب حکومت کا مدارس رجسٹریشن نظام آسان بنانے کیلئے اہم فیصلہ

پنجاب حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے مدارس رجسٹریشن ایکٹ میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت مدارس کی الگ رجسٹریشن کی شرط کو نرم کرنے کیلئے قانونی ترامیم تجویز کی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دینی تعلیمی اداروں کو اضافی کاغذی کارروائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مجوزہ فیصلے کے تحت وفاق المدارس العربیہ اور دیگر دینی بورڈز کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ مدارس کو پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سے مدارس کو دوہری رجسٹریشن کے عمل سے نجات ملے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سطح پر رجسٹرڈ مدارس کو صوبائی سطح پر بھی قانونی حیثیت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی مدارس کے ڈیٹا کو آپس میں منسلک کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ ریکارڈ کو بہتر طور پر منظم کیا جا سکے۔

تجویز کے مطابق جو مدرسہ وفاقی رجسٹریشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں پہلے سے شامل ہوگا، اسے پنجاب میں الگ سے رجسٹرڈ نہیں ہونا پڑے گا۔ اس سے ویریفکیشن کے مراحل، کاغذی کارروائی اور انتظامی پیچیدگیوں میں کمی آئے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ مجوزہ ترامیم علما کرام اور مدارس کے منتظمین سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہیں اور انہیں منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کو ان ترامیم پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین