راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں سے مختلف گھریلو اشیاء چوری ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس کے مطابق ڈھوک امب میں واقع رہائش گاہ سے سامان غائب ہونے کا مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق چوری ہونے والی اشیاء میں تین ایئر کنڈیشنر، دو دروازے، دو کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی سامان اور گھاس کاٹنے والی مشین شامل ہیں۔ رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے بھی پائے گئے۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ پر تعینات ایک گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں تھا۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم کا موبائل فون بھی بند ہے۔ تاہم دستیاب معلومات میں ملازم کے چوری کی واردات میں ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے معاملے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً دو لاکھ ستر ہزار روپے ہے۔ غائب ہونے والی اشیاء میں گھریلو استعمال کا سامان اور دیگر ضروری و آرائشی اشیاء شامل ہیں۔