بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سپر ہٹ فلم ’میں ہوں نا‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم ہدایتکارہ فرح خان نے بعد میں انہیں فلم کا حصہ بننے سے منع کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم ‘کرتاویہ’ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور مختلف ٹی وی پروگرامز اور انٹرویوز میں شرکت کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیا کبھی شاہ رخ خان نے انہیں کسی فلم میں کردار کی پیش کش کی تھی؟ اس سوال کے جواب میں سیف علی خان نے کہا کہ جی ہاں، شاہ رخ خان نے انہیں فلم ’میں ہوں نا‘ میں ایک اہم کردار کی آفر دی تھی۔
سیف علی خان کے مطابق شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ یہ فلم کا ایک بہترین اور اہم حصہ ہے۔ تاہم بعد میں فرح خان نے خود انہیں فون کیا اور فلم میں کام نہ کرنے کا کہا۔
اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ فرح خان نے انہیں منع کرنے کی کیا وجہ بتائی تھی، لیکن ان کے اس انکشاف نے مداحوں کو حیران کردیا ہے کیونکہ فلم بعد میں بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ ’میں ہوں نا‘ سال 2004 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے فرح خان نے ہدایت دی تھی۔ فلم میںشاہ رخ خان کے ساتھ سشمیتا سین، سنیل شیٹی، زید خان اور اداکارہ امرتا راؤ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔
سیف علی خان کے اس بیان کے بعد مداحوں میں یہ تجسس پیدا ہوگیا ہے کہ اگر وہ فلم کا حصہ ہوتے تو انہیں کون سا کردار دیا جاتا اور فلم کی کاسٹ کس حد تک مختلف نظر آتی۔