پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رکھ سکا۔
کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس گر کر تقریباً 169,589 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 171,115 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ تازہ مندی کے بعد حالیہ دنوں میں حاصل ہونے والی بڑی پیش رفت متاثر ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کیلئے فروخت اور معاشی غیر یقینی صورتحال مارکیٹ میں مندی کی بڑی وجوہات بن رہی ہیں۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے نظر آئے۔
دوسری جانب ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان برقرار رہا۔ مختلف ممالک کے اہم انڈیکسز میں کہیں تیزی تو کہیں مندی دیکھی گئی، جس سے خطے میں سرمایہ کاروں کے مختلف رجحانات ظاہر ہوئے۔
جنوبی کوریا کے KOSPI انڈیکس میں 4.87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تائیوان کے ایس ای انڈیکس میں تقریباً ایک فیصد تیزی دیکھی گئی۔ چین کے Shanghai Composite Index میں بھی قریب ایک فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہانگ کانگ کے Hang Seng Index میں 0.29 فیصد اور جاپان کے Nikkei 225 میں 0.17 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔