پیپلز پارٹی بجٹ اجلاس کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے اہم وضاحت سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی بجٹ اجلاس میں مکمل بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق بجٹ اجلاس میں پارٹی کے بعض اراکین شرکت کریں گے، تاہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
پارٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بجٹ اجلاس کا حصہ رہے گی اور قومی مفاد میں پارلیمانی عمل میں اپنی شرکت جاری رکھے گی۔ بائیکاٹ سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ندیم افضل چن نے بھی بائیکاٹ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بجٹ کے پارلیمانی عمل سے الگ نہیں ہوئی۔
دوسری جانب بجٹ اجلاس کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں اس وقت تیزی دیکھی گئی جب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بلاول بھٹو زرداری کے چیمبر پہنچے۔
ان کے ہمراہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، جس سے اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت اور رابطوں کے جاری رہنے کا اشارہ ملتا ہے۔