بیرسٹر محمد علی سیف نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، جس میں پارٹی امور اور دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات گزشتہ رات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف نے ملاقات کے دوران عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات میں پارٹی سے متعلق دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی صحت سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی معاملات سے متعلق پیش رفت جاری ہے۔
ملاقات سے قبل سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی علاج سے متعلق اہم فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم بھی دیا تھا۔
عدالت سے اجازت ملنے کے بعد عمران خان کی بہن نورین نیازی نے بھی گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم سے آگاہ کیا۔ ملاقات تقریباً 45 منٹ جاری رہی، جس کے بعد نورین نیازی اڈیالہ جیل سے روانہ ہو کر داہگل ناکے پہنچیں۔
نورین نیازی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کردیا۔ دوسری جانب بیرسٹر سیف کی عمران خان سے ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی صحت، قانونی معاملات اور پی ٹی آئی سے متعلق امور توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔