پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آٹھ میں سے سات مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو ہوگی، جس کے لیے مسلم لیگ ن نے تین خصوصی کیٹیگریز اور خواتین کی چار نشستوں پر امیدوار نامزد کیے ہیں۔
مخصوص نشستوں میں خواتین کے لیے پانچ جبکہ علما و مشائخ، بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹس و دیگر ماہرین کے لیے ایک، ایک نشست شامل ہے۔ براہ راست منتخب ارکان کی تعداد اور پارٹی پوزیشن کے باعث مسلم لیگ ن کو مخصوص نشستوں کے انتخاب میں مضبوط پوزیشن حاصل ہے۔
ٹیکنوکریٹس اور دیگر ماہرین کی نشست کے لیے مسلم لیگ ن نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو ٹکٹ دیا ہے۔ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی نشست پر چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں جبکہ علما و مشائخ کی نشست پر پیر مظہر سعید شاہ امیدوار ہوں گے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مخصوص نشستوں کے امیدواروں میں خواتین کی نشستوں کے لیے بھی چار نام شامل ہیں۔ پارٹی نے سدھنوتی کے ضلع پونچھ سے سحرش قمر، مظفرآباد سے مریم زمان، میرپور سے مریم ادریس اور ڈڈیال سے رفعت عابد کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر جناب محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے لیے نامزدگی کی منظوری دے دی ہے اور پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں اپنے دستخط سے پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔ pic.twitter.com/NdDUxrEDau
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 19, 2026
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن خواتین کی چاروں مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، تاہم پارٹی نے ان میں سے صرف تین نشستوں پر سنجیدگی سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس صورتحال میں توقع ہے کہ خواتین کی دو نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کو مل سکتی ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی کی براہ راست منتخب 38 نشستوں میں مسلم لیگ ن نے اب تک 25 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس 12 نشستیں ہیں۔ عوامی دست و بازو پارٹی کے ایک نو منتخب رکن کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد اتحاد کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی میں ہوگی۔ قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہے، تاہم امن و امان کی صورتحال کے باعث سات براہ راست نشستوں پر انتخابات نہیں ہوسکے، اس لیے مخصوص نشستوں کا انتخاب 38 منتخب ارکان کریں گے۔