امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس کے تحت حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں بیرون ملک سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ امپورٹڈ گاڑیوں سمیت ایس یو ویز پر بھی نیا ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے 3 ہزار سی سی تک کی گاڑیاں بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے دائرے میں آئیں گی۔
بجٹ کے مطابق 3 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ 2 کروڑ روپے سے مہنگی الیکٹرک گاڑیوں پر بھی ٹیکس عائد ہوگا۔
حکومتی حکام کے مطابق امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور مہنگی گاڑیوں کی درآمد کو ریگولیٹ کرنا ہے۔
الیکٹرک موٹرسائیکل، رکشوں اور بسوں کے لیے موجودہ رعایتی نظام برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔
درآمدی الیکٹرک ٹرکوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس کی سہولت بھی تجویز کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ بیرون ملک بزنس کلاس سفر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔