سپریم کورٹ کفایت شعاری اقدامات کے تحت نافذ کیے گئے تمام اقدامات 15 جون 2026 سے ختم کر دیے جائیں گے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن چیف جسٹس پاکستان کی منظوری سے جاری کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے 10 مارچ 2026 کو توانائی کی کمی اور پیٹرولیم سپلائی میں مشکلات کے باعث کفایت شعاری کے اقدامات نافذ کیے تھے۔
ان اقدامات میں عدالتوں کے لیے چار روزہ ہفتہ اور ججز و متعلقہ افسران کے لیے پیٹرولیم کوٹے میں 50 فیصد کمی شامل تھی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب تمام سپریم کورٹ کفایت شعاری اقدامات 15 جون سے ختم ہو جائیں گے اور عدالتی نظام معمول کے مطابق بحال ہو جائے گا۔
یہ فیصلہ توانائی کی صورتحال میں بہتری اور موجودہ حالات کے دوبارہ جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل حکومت اور دیگر اداروں نے بھی توانائی بحران کے دوران کفایت شعاری کے اقدامات اپنائے تھے۔
قومی جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی نے بھی عدالتی نظام کے اوقات کار پر نظرثانی کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیوں کی بحالی کی سفارش کی تھی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے عدالتی نظام کی کارکردگی میں بہتری اور انصاف کی فراہمی میں تسلسل برقرار رہے گا۔