امریکی ریاست میسوری میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے کے بعد وفاقی اور ریاستی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں ایک پائلٹ اور 11 اسکائی ڈائیورز سوار تھے۔ طیارہ گرنے کے بعد جائے وقوع پر امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں، تاہم کسی بھی مسافر کو زندہ نہ بچایا جا سکا۔
بیٹس کاؤنٹی کے ایک پولیس افسر کے مطابق طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا۔ حکام نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی اور تحقیقی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثے کے بعد میسوری اسٹیٹ ہائی وے پیٹرول، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تحقیقاتی ٹیمیں موسم کی صورتحال، طیارے کی فنی حالت، پرواز کے ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔
دوسری جانب برازیل میں بھی ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا جہاں دو ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقے کو محفوظ بنا لیا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی گلوکار اولیور ٹری کی حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹروں میں موجودگی کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئیں، تاہم حکام نے تاحال اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔