پاکستان چیچنیا تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے چیچن ریپبلک کے سربراہ رمضان قادروف سے گروزنی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم، ثقافت، انسانی ہمدردی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں مستقبل میں مشترکہ اقدامات اور روابط کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور چیچنیا کے عوام کے درمیان مذہبی اقدار، روایات اور سماجی ڈھانچے میں نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیچنیا میں اذان کی آواز سن کر انہیں اپنے وطن جیسا احساس ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چیچنیا کے ساتھ تعلیم، ثقافت اور انسانی تعاون کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق موجودہ روابط کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مثبت پیش رفت جاری ہے۔
رمضان قادروف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو دوستانہ اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اہم مسلم ملک ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
چیچن رہنما نے تعلیمی اور ثقافتی روابط میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے قریبی تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے دوران سفیر پاکستان نے چیچن ریپبلک کے پہلے صدر اخمت حاجی قادروف کی قبر پر حاضری دی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان چیچنیا تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور مستقبل میں سفارتی و ثقافتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔