آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) نے امیدواروں کے انتخاب کے عمل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 45 میں سے 37 حلقوں کے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق باقی 8 حلقوں کے امیدواروں کے نام بھی جلد فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے اور باقی نشستوں پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ان حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔
پارٹی صدر شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے انتخابی مہم اور امیدواروں کے معاملات کی نگرانی کے لیے رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کو خصوصی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمد اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور انتخابی معاملات طے پا چکے ہیں۔ اسی طرح عباس پور کے حلقے سے یاسین گلشن کو پارٹی امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ لچھراٹ سے سابق وزیر حکومت چوہدری شہزاد نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق راج محل کوٹلی سے ملک نواز کو پارٹی ٹکٹ ملنے کے امکانات روشن ہیں، جبکہ راولاکوٹ کے حلقہ ایل اے-22 سے سردار جاوید شریف کو امیدوار نامزد کیے جانے پر غور جاری ہے۔ پارٹی قیادت مختلف حلقوں میں انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ باقی امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لیے نواز شریف کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے تمام سفارشات اور مشاورت مکمل ہونے کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر انتخابات کے تناظر میں مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ سے محروم رہ جانے والے رہنماؤں کو پارٹی نظم و ضبط میں رکھنے کے لیے بھی رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق امیدواروں کے حتمی اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔