امریکا ایران مذاکرات

پاکستان اور قطر امریکا ایران ورکنگ گروپس سے رابطے میں رہیں گے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر امریکا ایران مذاکرات کے تحت قائم کیے گئے تکنیکی ورکنگ گروپس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق امریکا ایران مذاکرات کا دوسرا مرحلہ 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور فریقین کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے تین خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ پہلا گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کا جائزہ لے رہا ہے، دوسرا پابندیوں اور منجمد اثاثوں پر کام کر رہا ہے جبکہ تیسرا گروپ لبنان کی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور پر توجہ دے رہا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکی اور ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی تاکہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ تعاون امریکا ایران مذاکرات کو کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا ہے۔ دفتر خارجہ نے پاکستانی میڈیا کے ذمہ دارانہ رویے کی بھی تعریف کی جس نے حساس سفارتی معاملات کی رپورٹنگ میں احتیاط اور پیشہ ورانہ انداز اپنایا۔

صومالیہ کے ساحلی علاقے میں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ حکومت مسلسل صومالی حکام سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ پاکستانیوں کی محفوظ بازیابی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین