وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام بھی دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے وینزویلا کی حکومت اور عوام، بالخصوص جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں جلد متاثرین کی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ متعدد علاقوں میں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
Deeply saddened by the devastation and loss of life caused by the earthquakes in Venezuela.
On behalf of the people of Pakistan, I convey our heartfelt condolences to the Government and people of Venezuela, especially the families of the victims. We pray for the injured and…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 25, 2026
میڈیا رپورٹس کے مطابق Simón Bolívar International Airport کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث ہوائی اڈے کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ کئی پروازوں کو متبادل مقامات کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
ابتدائی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کم از کم 32 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے ابتدائی ماڈلز نے خبردار کیا ہے کہ تباہی کی شدت کے پیش نظر ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم یہ صرف تخمینہ ہے اور حتمی اعداد و شمار ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔