یوم عاشور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی عظیم مثال پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی قربانی انسانیت کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
وزیراعظم کے مطابق واقعہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایسا ابدی پیغام ہے جو ہر دور میں حق، انصاف اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے کی بنیاد انصاف، دیانت اور اصولوں کی پاسداری پر قائم ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اختلافات، نفرت اور تقسیم کے بجائے باہمی احترام، اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی ہم آہنگی ہی ترقی اور استحکام کی ضمانت بن سکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے علما کرام، مشائخ، ذاکرین اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ یوم عاشور کے حقیقی پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک احترام، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ ہر قسم کی اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز بیانیے کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور صبر، استقامت، ایثار اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور پوری انسانیت کے لیے زندہ درسگاہ ہے۔
صدر مملکت نے عوام پر زور دیا کہ یوم عاشور کے موقع پر امن، رواداری، احترام اور بھائی چارے کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی ہمیں انصاف، حق اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتی ہے۔