ٹی ریکس ڈائنوسار کا ڈھانچہ نیویارک میں ہونے والی ایک تاریخی نیلامی میں ریکارڈ 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت کر دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ دنیا میں ڈائنوسار کے ڈھانچوں کی مہنگی ترین فروخت میں سے ایک ہے، جس نے قدیم فوسلز کی عالمی مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
تقریباً 6 کروڑ 70 لاکھ سال قدیم اس ٹی ریکس کو "گس” (GUS) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ڈھانچہ تقریباً 3.8 میٹر (12.5 فٹ) بلند ہے اور اپنی غیر معمولی حالت کے باعث ماہرین آثارِ قدیمہ اور فوسل جمع کرنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
نیلامی کے دوران اس نایاب فوسل کی آخری بولی 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچی، تاہم خریدار کی فیس اور دیگر اخراجات شامل ہونے کے بعد اس کی مجموعی قیمت بڑھ کر 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہو گئی، جو اس نیلامی کا ریکارڈ ثابت ہوئی۔
یہ ڈھانچہ 2021 سے 2023 کے دوران امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا کی ہارڈنگ کاؤنٹی میں ہونے والی کھدائی کے دوران دریافت کیا گیا تھا۔ اس کا نام اس زمین کے مالک گیری "گس” لکنگ کے اعزاز میں رکھا گیا، جہاں سے یہ نایاب فوسل برآمد ہوا تھا۔
نیلامی کرنے والے ادارے کے مطابق اس ڈھانچے میں 183 فوسل ہڈیوں کے حصے شامل ہیں۔ ہڈیوں کی تعداد کے اعتبار سے یہ تقریباً 61 فیصد مکمل ہے، جبکہ مجموعی ہڈیوں کے وزن کے لحاظ سے اس کی تکمیل 75 سے 80 فیصد تک بتائی جاتی ہے، جو اسے دنیا کے محفوظ ترین ٹی ریکس فوسلز میں شامل کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق گس کی کھوپڑی غیر معمولی طور پر محفوظ حالت میں موجود ہے، جو سائنسی تحقیق کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ اس کی بہترین ساخت مستقبل میں ڈائنوسار کی جسمانی بناوٹ، شکار کی صلاحیت اور ارتقائی تاریخ پر مزید تحقیق میں مدد دے سکتی ہے۔