سعودی سرمایہ کار گروپ

سعودی سرمایہ کار گروپ کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد: سعودی سرمایہ کاری پاکستان میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی عرب کے ایک سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حکومت نے اس دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی کاروباری شخصیات، اوورسیز پاکستانیوں اور میڈیا نمائندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں پاکستان کے مختلف معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، دوطرفہ تعاون اور کاروباری امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد میں سابق ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پی ٹی وی اسلام آباد رشید خان نیازی، فالکن وژن کمپنی جدہ (سعودی عرب) کے نائب چیئرمین و صدر محمد طارق غوث، فالکن وژن پاکستان کے بزنس ہیڈ ذوالفقار، فالکن وژن کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عصمت اللہ خان، جنوبی کوریا میں مقیم اوورسیز پاکستانی کرنل جمشید اور عتیق سمیت لگژری گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سعودی سرمایہ کار گروپ نے مختلف شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت، ادارہ جاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کو اپنی معاشی پالیسی کا اہم حصہ سمجھتی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے شفاف، محفوظ اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین