اوگرا اصلاحات

اوگرا میں ڈیجیٹل اصلاحات اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا اصلاحات سے متعلق قانونی، انتظامی اور پالیسی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایات اوگرا کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کی گئیں۔

اجلاس کے دوران اوگرا کے چیئرمین نے ادارے کی موجودہ کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جامع اصلاحاتی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ بندرگاہوں سے پٹرول پمپوں تک تیل کی ترسیل کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل نظام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، ٹینکر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈپو ٹینک ٹیلی میٹری، رہگزر موبائل ایپ، پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل سیلز انٹری سسٹم اور سینٹرل مانیٹرنگ سیل فعال کیے جا چکے ہیں۔ ان نظاموں کے ذریعے تیل کی نقل و حرکت، ذخیرہ اور فروخت کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ جولائی 2026 کے دوران ڈیٹا پر مبنی خصوصی مہم کے نتیجے میں ذخیرہ اندوزی، غیر ضروری سپلائی میں رکاوٹوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات سامنے آئے۔ ان معاملات پر شوکاز نوٹس، وضاحت طلبی اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

اوگرا اصلاحات کے منصوبے میں مکمل ڈیجیٹلائزیشن، انفورسمنٹ نظام کی ازسرنو تشکیل، کمپلائنس ونگ کا قیام، لائسنسنگ نظام میں بہتری، قانونی امور کا مؤثر انتظام، مالی وسائل میں اضافہ اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی تنظیم نو بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جدید ٹریکنگ نظام کو نمونہ بناتے ہوئے ملک بھر میں ایندھن کی ترسیل کی سخت نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے اوگرا کی استعداد بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کی شفاف اور میرٹ پر مبنی تقرری پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ایندھن کی بلا تعطل فراہمی اور منصفانہ قیمتوں کی یقینی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل نظام فوری فعال کرنے، آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن تیز کرنے اور ذخیرہ اندوزی، بدعنوانی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت دی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین