انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کی برانڈ شناخت اور 12 میزبان شہروں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ 24 برس بعد پہلی مرتبہ افریقہ میں منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔
جوہانسبرگ کے انانڈا پولو کلب میں منعقدہ تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی مہم "میک دی سرکل بگر” بھی متعارف کرائی گئی۔ یہ تصور افریقی فلسفہ "اوبنٹو” سے متاثر ہے، جو اتحاد، شمولیت اور باہمی تعاون کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے میچز مجموعی طور پر 12 میدانوں میں کھیلے جائیں گے، جن میں آٹھ جنوبی افریقہ، تین زمبابوے اور ایک نمیبیا میں واقع ہے۔ جنوبی افریقہ کے میزبان میدانوں میں وانڈررز اسٹیڈیم، سینچورین، نیولینڈز، کنگزمیڈ، سینٹ جارجز پارک، مانگاؤنگ اوول، بولینڈ پارک اور بفیلو پارک شامل ہیں۔
زمبابوے میں ہارارے اسپورٹس کلب، کوئنز اسپورٹس کلب بلاوایو اور وکٹوریہ فالز میں نیا فیلے موسی اوآ تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میچوں کی میزبانی کریں گے۔ نمیبیا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میچوں کی میزبانی کرے گا، جہاں ونڈہوک کا نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ منتخب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کی افریقہ واپسی عالمی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ یہ ایونٹ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ افریقہ کی متنوع ثقافتوں اور روایات کو بھی دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔
ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 57 میچوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ ابتدائی سپر سیریز کے بعد 12 ٹیمیں دو گروپس میں تقسیم ہوں گی، جہاں سے بہترین ٹیمیں سپر سیون، سیمی فائنلز اور پھر فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔
2027 ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا پہلا مردوں کا ورلڈ کپ ہوگا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ عالمی معیار کی کرکٹ کے ساتھ افریقہ کی مہمان نوازی، ثقافتی تنوع اور کھیل کے فروغ کی ایک نئی مثال قائم کرے گا۔