لاہور میں شدید بارش نے ہفتے کے روز معمولات زندگی اور ٹریفک کو متاثر کردیا۔ موسلا دھار بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور متعدد انڈرپاسز میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔
واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں اوسطاً 24.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ 104 ملی میٹر بارش ایئرپورٹ پر ہوئی، جبکہ کاہنہ میں 75.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہڈیاریہ ڈیفنس روڈ پر 62.6 ملی میٹر، مناواں میں 58.6 ملی میٹر، تاج پورہ میں 40.2 ملی میٹر اور مغلپورہ میں 32.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں شدید بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آئیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہری انفراسٹرکچر کی کمزوری بھی نمایاں ہوئی۔
واسا لاہور نے مختلف مقامات پر فیلڈ اسٹاف اور بھاری مشینری تعینات کرکے نکاسی آب کا عمل شروع کردیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد نے مبین شہید انڈرپاس، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، قذافی اسٹیڈیم اور لبرٹی چوک سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا۔
ٹریفک حکام نے بھی شہر میں نگرانی بڑھادی۔ چیف ٹریفک آفیسر عبدالرحیم شیرازی نے افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے، نشیبی مقامات اور ٹریفک صورتحال کی نگرانی کرنے اور پانی کی بروقت نکاسی کے لیے واسا سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران مناسب رفتار سے گاڑی چلانے، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور اچانک بریک لگانے سے گریز کا مشورہ دیا۔ شہریوں کو زیر آب سڑکوں سے گزرنے سے پہلے پانی کی گہرائی جانچنے اور بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، گری ہوئی تاروں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔