کولمبیا میں 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ

کولمبیا میں 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ، بڑے پیمانے پر نقصان

کولمبیا میں 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا جس کے باعث کئی عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا جبکہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ چوکومیں سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب تھا۔ شدید جھٹکوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں عمارتوں کو نمایاں نقصان پہنچا۔

صوبہ چوک کے حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کیوبڈو میں بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ گورنر نوبیا کیرولینا کورڈوبا نے افراد کے زخمی ہونے اور املاک و انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی۔

زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت بوگوٹا سمیت کولمبیا کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ ہمسایہ ممالک وینزویلا اور ایکواڈور کے بعض علاقوں میں بھی شہریوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے۔

بوگوٹا کے میئر کے مطابق دارالحکومت میں ابتدائی طور پر بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم خوف کے باعث شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، جبکہ متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ امدادی ادارے ملبے میں ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں جبکہ حکام نقصانات اور جانی نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

حکام نے مزید جھٹکوں کے خدشے کے پیش نظر امدادی اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق زلزلے کے باعث سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔

کولمبیا زلزلہ آنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام شہریوں کو امداد فراہم کرنے کے ساتھ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مزید تفصیلات امدادی کارروائیوں کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین