مشرقی جاپان میں جاپان میں شدید بارش کے باعث کم از کم 5 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد پھنس گئے۔ شدید بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ ریل اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز بھی متاثر ہوئیں۔
چبا پریفیکچر میں جمعرات کی رات موسلا دھار بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات اور بجلی کی بندش پیدا ہوئی۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے پہلی مرتبہ علاقے کے لیے شدید بارش کی بلند ترین سطح کی وارننگ جاری کی۔
ناریتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی بارش سے شدید متاثر ہوا۔ تقریباً 6 ہزار مسافروں نے ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث رات ایئرپورٹ پر گزاری۔ ٹرمینلز میں طویل قطاریں لگ گئیں اور کئی مسافروں نے سلیپنگ بیگز استعمال کیے۔
چبا حکام نے جمعہ کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ اجلاس میں 5 اموات کی تصدیق کی۔ جاں بحق افراد میں 60 یا 70 سال کی عمر کا ایک شخص اور 66 سالہ خاتون شامل تھیں جو ڈوبی ہوئی گاڑی میں پائی گئیں۔ مزید اموات کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
جاپان میں شدید بارش سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ چبا میں تقریباً 26 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ اچیکاوا، کاشیوا اور ساکورا سمیت مختلف شہروں میں 80 سے زائد مکانات زیر آب آگئے۔
بارش کے باعث ٹرینوں کی متعدد سروسز منسوخ یا معطل کردی گئیں۔ چبا اسٹیشن پر بھی سیکڑوں مسافر پھنس گئے جبکہ کئی افراد نے ہنگامی پناہ گاہوں میں رات گزاری۔ ایئرپورٹ عملے نے مسافروں میں پانی، خوراک اور سلیپنگ بیگز تقسیم کیے۔
جمعہ کی صبح شدید بارش کی بلند ترین سطح کی وارننگ کو لیول 4 تک کم کردیا گیا، تاہم سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی نگرانی جاری رہی۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی شدید موسمی واقعات کی شدت اور تکرار میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔