میر رضا قتل کیس

میر رضا قتل کیس: جائے وقوعہ سے مزید شواہد مل گئے

کراچی میں میر رضا قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، تفتیشی حکام نے جائے وقوعہ سے مزید شواہد ملنے کی تصدیق کی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تحقیقات کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

کیس کے نئے تفتیشی افسر سراج لاشاری عدالت میں پیش ہوئے اور تفتیش میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میر رضا کے بزنس پارٹنر محمد احمد کا بیان بطور گواہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محمد احمد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے بلائے جانے پر وہ پیش ہوتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات انہیں کئی گھنٹوں تک پولیس کے پاس بٹھایا جاتا رہا۔ عدالت نے انہیں تفتیش میں تعاون کی ہدایت کی۔

عدالت نے میر رضا قتل کیس کی تفتیش میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ مقتول کے والد، خاندان اور شہر کے لوگ پریشان ہیں، اس لیے قتل کے اصل حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات تیز کی جائیں۔

تفتیشی افسر سراج لاشاری نے بتایا کہ انہیں 13 اگست کو کیس کی تفتیش سونپی گئی۔ ان کے مطابق تقریباً 35 افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ وقوعے کے روز میر رضا سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

تفتیشی کمیٹی میں مزید دو ارکان شامل کیے گئے ہیں جس کے بعد اس کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ کمیٹی میں ایس ایچ او شاہ لطیف تھانہ اور ایک ڈی ایس پی بھی شامل ہیں۔ میر رضا کا موبائل فون اور اسمارٹ واچ این سی سی آئی اے سے واپس لے لیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق موبائل فون اور اسمارٹ واچ کو فرانزک کے لیے لاہور کی فرانزک لیبارٹری بھیجا جائے گا، جبکہ جائے وقوعہ سے مزید شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔ عدالت نے محمد احمد کی عبوری ضمانت میں 24 اگست تک توسیع کرتے ہوئے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین