کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ممتاز عالمِ دین اور سابق رکن اسمبلی مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے سرکاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ جید عالمِ دین، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی بزدلانہ حملے میں شہادت کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ علم و تقویٰ کا یہ روشن ستارہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور قوم ان کی دینی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ منگل کی صبح چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں نامعلوم مسلح افراد نے مولانا محمد ادریس پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے گھر سے مدرسے جا رہے تھے۔
فائرنگ کے اس واقعے میں مولانا ادریس شہید ہوگئے جبکہ ان کے ساتھ موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے تھانے میں درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔