پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے ویمنز ٹیم کو 206 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ یہ کامیابی رنز کے اعتبار سے پاکستان ویمنز کی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی فتح بھی بن گئی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ ٹیم کو مضبوط آغاز اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے فراہم کیا، جنہوں نے پہلی وکٹ پر 189 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور زمبابوے کے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
اوپنر گل فیروزہ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے میدان کے چاروں طرف دلکش شاٹس لگائے اور اپنی سنچری مکمل کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ ان کی اننگز پاکستان کی بڑی کامیابی کی بنیاد ثابت ہوئی۔
دوسری جانب صدف شمس نے بھی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 101 رنز اسکور کیے۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ویمنز ون ڈے کرکٹ میں مسلسل چار اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئیں۔ ان کی مسلسل عمدہ بیٹنگ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے اہم ثابت ہورہی ہے۔
Formidable show in Karachi! 👏
More records tumble as Pakistan complete a series win over Zimbabwe 📈#PAKWvZIMW | #BackOurGirls pic.twitter.com/fbHqqewiaD
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 6, 2026
مڈل آرڈر بیٹر صدرہ امین نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آخری اوورز میں ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کے اسکور کو 340 سے آگے پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
344 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 137 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پسی پنوڈیا نے 33 جبکہ متنگ وندو نے 29 رنز اسکور کیے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عروب شاہ، مومنہ ریاست اور رامین شمیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز کو 168 رنز سے شکست دی تھی، جس سے سیریز میں پاکستان کی مکمل برتری واضح ہوگئی۔