جمہوریہ چیک میں ایک حیران کن واقعے کے دوران چرچ کے اندر محفوظ 800 سال پرانی مقدس کھوپڑی چوری کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق یہ کھوپڑی لیمبرک کے سینٹ زی ڈسلوا سے منسوب تھی، جنہیں مذہبی اور فلاحی خدمات کی وجہ سے انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پراگ کے ایک دور افتادہ علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص چرچ میں داخل ہوا اور کچھ دیر بعد مقدس نوادرات میں شامل کھوپڑی غائب پائی گئی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی دھندلی فوٹیج میں سیاہ لباس پہنے ایک شخص کو چرچ کے اندر بنچوں کے درمیان بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے ہاتھ میں موجود شے غالباً وہی تاریخی کھوپڑی تھی۔ یہ مناظر جیبلونی وی پوڈجیسٹڈی کے چرچ کے ہیں جو پراگ سے تقریباً 110 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
تاریخی ریکارڈ کے مطابق لیمبرک کے سینٹ زی ڈسلوا 1220 سے 1252 کے درمیان زندہ رہے۔ وہ اپنی سخاوت، غریبوں کی مدد اور فلاحی کاموں کے باعث مشہور تھے۔ بعد ازاں 1995 میں پوپ جان پال دوم نے انہیں اہم مذہبی شخصیات میں شامل کیا تھا۔
پراگ کے آرچ بشپ سٹینسیلا پریبل نے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھوپڑی چرچ آنے والوں کے لیے نہایت مقدس حیثیت رکھتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ دن دیہاڑے چرچ سے اس قدر اہم مذہبی اور تاریخی شے کی چوری ناقابل یقین ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر مشتبہ شخص کو مرد قرار دیا تھا، تاہم بعد میں ترجمان نے واضح کیا کہ فوٹیج اتنی واضح نہیں کہ حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے، اور یہ ممکن ہے کہ مشتبہ فرد خاتون بھی ہو۔ حکام نے بتایا کہ سکیورٹی ویڈیوز کا تفصیلی جائزہ جاری ہے۔