سعودی عرب کا فلسطینی امداد

سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

سعودی عرب نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کو 20 لاکھ ڈالر کا امدادی چیک فراہم کردیا۔ یہ امداد خطے میں فلسطینی مہاجرین کے لیے جاری انسانی ہمدردی کے پروگراموں، طبی سہولیات اور تعلیمی منصوبوں کی معاونت کے لیے دی گئی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم سعودی عرب کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کے بجٹ، آپریشنز اور مختلف فلاحی پروگراموں کے لیے سالانہ تعاون کا حصہ ہے۔ اس امداد کا مقصد فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور ادارے کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے۔

اردن میں خادم حرمین شریفین کے سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے گزشتہ روز یہ چیک یو این آر ڈبلیو اے کے حکام کے حوالے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق مملکت فلسطینی کاز اور برادر فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مالی امداد کا مقصد یو این آر ڈبلیو اے کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنی سماجی، تعلیمی، طبی اور انسانی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرسکے، خصوصاً ایسے وقت میں جب فلسطینی عوام شدید مشکلات اور بحرانوں کا سامنا کررہے ہیں۔

شہزادہ منصور نے فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی خدمات کی فراہمی میں یو این آر ڈبلیو اے کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہارا فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔

یو این آر ڈبلیو اے کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت کی امداد ادارے کو مختلف فلاحی اور انسانی پروگرام جاری رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

سعودی عرب ماضی میں بھی فلسطینی عوام کی مدد کے لیے متعدد امدادی اور سفارتی اقدامات کرتا رہا ہے۔ حالیہ امداد ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت فلسطینی عوام کی فلاح اور انسانی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین