امریکا نے بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ بنگلا دیشی عوام کو کرنا چاہیے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ بنگلا دیش کا داخلی معاملہ ہے اور اس کا فیصلہ وہاں کے عوام اور متعلقہ حکام کو کرنا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے شیخ حسینہ کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول سے متعلق رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ڈھاکا حکومت کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ امریکا دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلا دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ ان کی حکومت کا خاتمہ طلبہ کی قیادت میں ہونے والی احتجاجی تحریک کے بعد ہوا تھا، جس کے بعد سے وہ بھارت میں مقیم ہیں۔
بنگلا دیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے نومبر 2025 میں شیخ حسینہ کو احتجاجی مظاہروں کے دوران کارروائیوں سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم سابق وزیراعظم نے الزامات مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی پر بھی اعتراضات کیے ہیں۔
گزشتہ دنوں شیخ حسینہ کے قانونی نمائندوں کی جانب سے نئے بنگلا دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ان کے وکلا نے نومبر 2026 میں نئی دہلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن سے رابطہ کرکے دستاویزات جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب بنگلا دیشی حکام نے ان درخواستوں کی قانونی حیثیت اور دستاویزات کے اجرا سے متعلق تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
شیخ حسینہ اس سے قبل دسمبر 2026 میں وطن واپس آکر عدالت کے سامنے پیش ہونے کے ارادے کا اظہار بھی کر چکی ہیں۔ ادھر بنگلا دیشی حکومت نے بھارت سے سابق وزیراعظم کی حوالگی کا مطالبہ کر رکھا ہے تاکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے واپس لایا جا سکے۔ بھارت نے اس معاملے کو قانونی طریقہ کار سے متعلق قرار دیا ہے۔