فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور جاری کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر میران شاہ پہنچے تو کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے اقدامات اور دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور قومی سلامتی کے لیے خدمات کو سراہا۔

فیلڈ مارشل کا دورہ میران شاہ، دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کے غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے اسے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں علاقے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنانے کے لیے جاری حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین