بلاول بھٹو گلگت بلتستان

بلاول بھٹو کا گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور ترقی کے عزم کا اعادہ

بلاول بھٹو گلگت بلتستان سے متعلق اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں سیاست جھگڑے اور دشمنی کا دوسرا نام بن چکی ہے، تاہم تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد اور عوامی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات گلگت بلتستان کے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات آج بھی اس خطے کے عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق دلانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب گلگت بلتستان کے منتخب نمائندے قومی اسمبلی میں مکمل آئینی حیثیت کے ساتھ موجود ہوں۔ انہوں نے حقِ ملکیت سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے وعدے کو دہراتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے زراعت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا، جبکہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی حمایت کو بھی سراہا۔ بلاول نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر اس خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے کام کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مضبوط معاشی ماحول قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اس خطے میں بے پناہ صلاحیت اور میرٹ موجود ہے، جسے بہتر منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں سردیوں سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ مقامی حکومتوں کو فعال بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت صرف کامیاب امیدواروں کی نہیں بلکہ پورے خطے کے عوام کی نمائندہ حکومت ہوگی۔

بلاول بھٹو گلگت بلتستان خطاب کے دوران قومی سلامتی اور علاقائی امور پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے سرحدوں پر تعینات سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، آبی وسائل اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا، جبکہ ان کا سیاسی منشور حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور روزگار پر مبنی رہے گا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین