پاسپورٹ فیس

یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی ختم

پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں یکم جولائی 2026 سے نقد فیس وصولی کا نظام مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ادا کی جا سکے گی، جس کا مقصد خدمات کو مزید جدید، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔

یہ فیصلہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے زونل سربراہان کے اجلاس میں سامنے آیا۔ اجلاس کے دوران حکام کو پاسپورٹ سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم جولائی 2026 سے ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ اختیار کرنا ہوگا، جس سے عمل کو زیادہ محفوظ اور آسان بنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس تبدیلی کے ساتھ جلد ہی ایک نئی "پاسپورٹ موبائل ایپ” بھی متعارف کروائی جائے گی۔ اس ایپ کے ذریعے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کروا سکیں گے اور مختلف خدمات تک آن لائن رسائی حاصل کر سکیں گے۔

نئی موبائل ایپ کی مدد سے درخواست گزار اپنے پاسپورٹ کی پراسیسنگ اور ترسیل سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری سروس کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس آئندہ صرف ای پاسپورٹس جاری کرے گا۔ ای پاسپورٹ جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ ہوگا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین