وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

فیس لیس ٹیکس سسٹم متعارف کرایا جائے گا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، جن کے تحت ٹیکس گزار اور ٹیکس افسر کے درمیان براہ راست رابطے کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس کی جگہ جدید فیس لیس ٹیکس سسٹم نافذ کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ بجٹ میں طے کی گئی سمت نے معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک کی صنعتی سرگرمیوں میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برآمدی شعبہ مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق نئے فیس لیس سسٹم کا مقصد ٹیکس وصولی کے عمل کو زیادہ شفاف، مؤثر اور جدید بنانا ہے۔ اس نظام کے تحت زیادہ تر امور ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے انجام دیے جائیں گے، جس سے انسانی مداخلت میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعدد اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور محصولات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے ایف بی آر پر ہونے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مثبت اور تعمیری تنقید کا خیر مقدم کیا جاتا ہے کیونکہ اس سے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین