ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر صدر

ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے صدر منتخب

پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے۔ صدارتی انتخاب میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو شکست دی، جنہیں 13 ووٹ ملے۔

ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی میں ہوئی۔ ووٹنگ کا عمل دوپہر ایک بجے تک جاری رہا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ ڈاکٹر نجیب نقی نے صدر بننے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کی۔

ڈاکٹر نجیب نقی پانچ سال کے لیے آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ ان کا انتخاب اس آئینی عہدے کے کئی ماہ تک خالی رہنے کے بعد ہوا ہے۔ سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود کے جنوری میں انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا۔

بیرسٹر سلطان محمود کے انتقال کے بعد چوہدری لطیف اکبر نے ابتدا میں قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ بعد میں 25 اگست کو چوہدری طارق فاروق کے قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے کے بعد یہ ذمہ داری انہیں منتقل ہوگئی۔

ڈاکٹر نجیب نقی کو مسلم لیگ ن نے صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے چوہدری لطیف اکبر کو امیدوار بنایا۔ دونوں امیدواروں نے 19 ستمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جنہیں جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دیا گیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 46 نشستیں اس وقت پُر ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پاس 31 نشستیں ہیں جبکہ ایک اتحادی رکن کی حمایت کے ساتھ ڈاکٹر نجیب نقی کو 32 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان میں سے 13 نے ووٹ دیا جبکہ ایک رکن غیر حاضر رہا۔

ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2006 سے 2011 تک اور پھر 2016 سے 2021 تک صحت کا قلمدان سنبھالا۔ ان کے انتخاب کے ساتھ آزاد کشمیر کی صدارت کا کئی ماہ سے جاری خلا بھی ختم ہوگیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین