قازقستان کی ٹینس اسٹار ایلینا ریباکینا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائنل میں ایلینا ریباکینا نے عالمی نمبر ایک بیلاروس کی ارینا سبالینکا کو 2-1 سیٹس سے شکست دے کر بڑی کامیابی حاصل کی۔
یو ایس اوپن فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم ایلینا ریباکینا نے اہم لمحات میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور گرینڈ سلم ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل میں شکست کے بعد ارینا سبالینکا شدید غصے اور مایوسی کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے اپنا ریکٹ توڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکٹ توڑنے کے اس عمل پر سبالینکا کو 50 ہزار ڈالر تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دو خلاف ورزیوں کے باعث ارینا سبالینکا پر مجموعی طور پر 70 ہزار ڈالر تک جرمانہ عائد ہونے کا امکان ہے۔ کیمرہ آپریٹر کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کے معاملے پر بھی ان کے خلاف مزید کارروائی ہوسکتی ہے۔
بار بار ریکٹ توڑنے کے واقعات کی صورت میں سبالینکا کو اضافی جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم جرمانے کی حتمی رقم اور کسی بھی اضافی کارروائی کا فیصلہ متعلقہ ٹینس حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔
فائنل میں شکست کے بعد ارینا سبالینکا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ گرینڈ سلم فائنل ہارنے کے بعد جذبات پر قابو رکھنا انتہائی مشکل تھا۔ ان کے مطابق ریکٹ توڑ کر انہوں نے اپنا غصہ اور مایوسی باہر نکالی۔