راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 22 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران خوارج کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 6 خوارج مارے گئے۔
دوسری جانب ٹانک میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خارجی کو ہلاک کردیا۔ اس طرح جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ وہاں موجود دیگر مشتبہ دہشت گرد عناصر کا بھی خاتمہ کیا جاسکے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کارروائیوں کا مقصد علاقے کو دہشت گردی کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔