نئی دہلی: بھارتی ریاست دہلی کے سابق چیف سیکرٹری اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر راکیش مہتا مبینہ طور پر خودکشی کے نتیجے میں جان سے گئے۔ بھارتی حکام کے مطابق 75 سالہ راکیش مہتا 6 ستمبر کو نوئیڈا کے سیکٹر 82 میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے۔
حکام کے مطابق راکیش مہتا 1975 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور فلیٹ کا معائنہ کرنے کے لیے فارنزک ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جسے مبینہ خودکشی کا نوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نوٹ میں راکیش مہتا نے اپنی ذہنی کیفیت اور صحت سے متعلق مسائل کا ذکر کیا اور انہیں انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات میں شامل کیا۔
فارنزک ٹیم نے فلیٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ سے ملنے والے تمام شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی مکمل صورتحال سامنے آسکے۔
واقعے کے وقت راکیش مہتا کی اہلیہ سمنتی مہتا ان کے ساتھ موجود نہیں تھیں۔ وہ اپنے بیٹے کے پاس دہرادون میں موجود تھیں۔ شوہر کی جانب سے فون کالز کا مسلسل جواب نہ ملنے پر انہیں تشویش ہوئی، جس کے بعد واقعے کی اطلاع سامنے آئی۔
پولیس مبینہ خودکشی کے نوٹ کے مندرجات سمیت کیس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام یہ جاننے کی بھی کوشش کر رہے ہیں کہ واقعے سے قبل کیا حالات تھے اور آیا کوئی دیگر عوامل بھی اس میں شامل تھے۔