کراچی: کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ فرانسیسی قونصل خانے کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کراچی کے لیے الوداعی پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
فرانسیسی قونصل خانے کی جانب سے اپنے پیغام میں کراچی کو ’’الوداع کراچی‘‘ کہا گیا، جبکہ قونصل خانے کی عمارت سے فرانس اور یورپی یونین کے پرچم بھی اتار دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کے بعد کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کی باقاعدہ سرگرمیاں اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔
قونصل خانے کی جانب سے جاری پیغام میں ان تمام دوستوں اور شراکت داروں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے مختلف اوقات میں قونصل خانے کے ساتھ تعاون کیا اور اس کے امور میں اپنا کردار ادا کیا۔
فرانسیسی قونصل خانے کی مستقل بندش سے کراچی میں فرانسیسی سفارتی و قونصلر موجودگی کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ تاہم فرانس کے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار رہیں گے اور اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانہ موجود ہے۔
فرانسیسی حکام نے اس فیصلے کی بنیادی وجہ بجٹ سے متعلق مسائل کو قرار دیا تھا۔ گزشتہ ماہ کراچی میں تعینات فرانس کے قونصل جنرل الیگژز نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل کا دفتر بند کرنے کے حکومتی فیصلے کی تصدیق کی تھی۔
قونصل جنرل نے اس موقع پر بتایا تھا کہ فرانسیسی حکومت نے بجٹ کی وجوہات کی بنا پر کراچی میں قونصل جنرل کے دفتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت ہی قونصل خانے کی مستقل بندش کے حوالے سے قیاس آرائیاں واضح ہوگئی تھیں۔