بھارتی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے قبل مسلح افواج کے سربراہان نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
بعد ازاں بری، بحری اور فضائی افواج کے چاک و چوبند دستے نے عسکری قیادت کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں تینوں افواج کے باہمی تعاون اور قومی دفاع کے عزم کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کی حمایت سے پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ معرکۂ حق میں کامیابی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور عزم کا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی نے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔